کاروار:یکم فروری (ایس او نیوز)کانگریس کی طرف سے جاری کئے گئے آدھار کارڈ کی سخت مخالفت کرنے والی بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کی مرکزی حکومت نے اسی آدھار کارڈ کو آج ہر ایک معاملے میں لازمی قرار دیا ہے، جس کے وجہ سے ہرایک شہری کے پاس آدھارکارڈ کا ہونا ضروری ہوگیا ہے۔ اترکنڑا ضلع کی کل آبادی میں سے %94عوام کے پاس آدھارکارڈ تقسیم ہونےکی دستاویزات سے جانکاری ملتی ہے۔ لیکن تعجب کی بات کہ اسی اترکنڑا ضلع کے ہلیال تعلقہ میں جتنی آبادی ہے اس کے دوگنا آدھار کارڈ تقسیم ہونے کی جانکاری ملی ہے۔
جی ہاں ! سرکاری دستاویزا ت کے مطابق ہلیال تعلقہ کی آبادی 1لاکھ 82ہزار 49ہے۔ لیکن یہاں 3لاکھ 86ہزار 178 آدھار کارڈ تقسیم ہوئے ہیں، یعنی موجودآبادی سے 2لاکھ 4ہزار 29آدھارکارڈ زائد تقسیم کئے گئے ہیں۔ کیا یہ انسانی کمزوری ہے، غفلت میں ہوئی غلطی ہے یا پھر حقیقت میں آبادی سے زائد آدھار کارڈ تقسیم کئے گئے ہیں تو یہ ایک بہت بڑا گھپلہ ہوسکتاہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں جائزہ لے کر حقائق کو عوام کے سامنے ظاہر کرے۔اس سلسلے میں ڈی سی دفتر میں متعلقہ محکمہ کے آفیسر نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ تمام اعدادو شمارات کلسٹر لیول سے موصول ہوئے ہیں، اسی کو ہم نے ریکارڈ کیا ہے۔زائد آدھارکارڈ تقسیم ہونے کے متعلق اعلیٰ افسران کو جانکاری دی جائے گی اور مناسب کارروائی کرنے کی بات کہی۔ اس تعلق سے جب ہلیال کے تحصیلدار سے رابطہ کرتے ہوئے پوچھا گیاتو انہوں نے کہاکہ آدھار کارڈ کے متعلق تمام ریکارڈ ڈی سی دفتر میں ہوتے ہیں، ہمیں اس تعلق سے کوئی زیادہ معلومات نہیں رہنے کی بات کہتے ہوئے بتایا کہ اس کے باوجود ہلیال تعلقہ میں آبادی سے زائد آدھارکارڈ تقسیم ہونے کے متعلق جانچ کی جائے گی۔ اسی موقع پر انہوں نے کہاکہ کمپیوٹر میں اعدادو شمارات کو داخل کرنےکے دوران غلطی ہوئی ہےکیا اس کے متعلق بھی جانچ کرتے ہوئے تمام حقائق عوا م کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ ضلع کے کل 11 تعلقہ جات میں سے ہلیال کی یہ صورت حال ہے تو بقیہ تعلقہ جات میں آدھار کارڈ تقسیم کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں۔
نمبر شمار تعلقہ آبادی تقسیم کردہ آدھار کار ڈ بقیہ
1 سرسی 197441 155868 41573
2 کاروار 163423 145229 18194
3 بھٹکل 168586 138689 29897
4 کمٹہ 160430 117936 42494
5 ہوناور 173778 128376 45402
6 انکولہ 114434 82459 31975
7 منڈگوڈ 114495 89655 24840
8 سداپور 104971 76271 28700
9 یلاپور 86314 71039 15275
10 جوئیڈا 55112 50193 4919
اس سلسلے میں اپر ڈی سی ، پرسنا ایچ نے بات کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کے تمام شہریوں کو آدھار کارڈ تقسیم کرنے کوشش کی جارہی ہے، اگر کسی دیہات میں 20سے زائد (بچوں سمیت) عوام کا آدھارکارڈ رجسٹرڈ نہیں ہواہے اور انہیں آدھار کارڈ مرکز جانے میں دقت ہورہی ہے تو وہ لوگ تحریری ، فون یا واٹس اپ کے ذریعے اطلاع دیں تو متعلقہ دیہات کو خصوصی ٹیم بھیج کر آدھارکارڈ تقسیم کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ اسی طرح خصوصی معاملات میں بھی آدھار کارڈ تقسیم کرنے کی کوششیں جاری رہنے کی بات کہی۔